4 نومبر 2026 - 10:35
ٹرمپ: اسرائیل کی مالی امداد بند کرنے کا اعلان کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر میں اسرائیل کی مالی امداد روک دی جائے گی، تاہم اسے اپنی ضرورت کے مطابق اسلحہ خریدنے کی سہولت حاصل رہے گی۔

اہلِ بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کی شام فاکس نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سال کے اختتام پر اسرائیل کی مالی امداد بند کر دی جائے گی، تاہم اس حکومت کو اسلحہ خریدنے کا اختیار حاصل ہوگا اور اسے جو کچھ درکار ہوگا، فراہم کیا جائے گا۔

ٹرمپ نے اس حوالے سے کہا: ہم اسرائیل کو 4 ارب ڈالر دیتے تھے اور اب بھی دے رہے ہیں، لیکن سال کے اختتام پر یہ سلسلہ بند ہو جائے گا۔ انہیں اس امداد کی ضرورت نہیں ہے۔ اس معاملے پر ہمارا بی بی نیتن یاہو (اسرائیلی وزیرِاعظم) کے ساتھ اتفاق ہو چکا ہے۔

امریکی صدر نے یوکرین کو اسلحے کی فراہمی جاری رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’’میں اب بھی یوکرین کو ہتھیار فراہم کر رہا ہوں۔ یہ کام میں یورپی یونین کے ذریعے انجام دے رہا ہوں۔

ٹرمپ نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی معاہدے کے قریب پہنچنے کا دعویٰ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا: ’’کینیڈا بہت اچھا ہے، ہم بہت جلد اس کے ساتھ معاہدہ کر لیں گے۔ ہم ایک شاندار معاہدے تک پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے اتوار کے روز کہا تھا کہ دوطرفہ تجارت کے معاملے پر ٹرمپ کے ساتھ ان کی ’’اچھی گفتگو‘‘ ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ دونوں ملکوں کی متعلقہ ٹیمیں آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس معاملے پر کام کریں گی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha